→ تمام مضامین
کاکٹیلز:
29 اگست، 2026

کاکٹیلز:

کاکٹیلز: ان دوستانہ پرندوں کے ساتھ میرا پہلا تجربہ
جب میں نے پہلی بار پالتو پرندہ رکھنے کا سوچا تو سب نے مجھے یہی کہا کہ "کاکٹیل سے شروع کرو۔" مجھے سمجھ نہیں آتی تھی کہ سب ایسا کیوں کہتے ہیں۔ لیکن اب جب میں نے خود کاکٹیل پالے ہیں تو مجھے اس کی وجہ سمجھ آ گئی ہے۔
کاکٹیل کیا ہوتا ہے؟
کاکٹیل ایک چھوٹا طوطا نما پرندہ ہے۔ نہ بہت بڑا اور نہ ہی بہت چھوٹا۔ سب سے پہلی چیز جو آپ کی توجہ حاصل کرے گی وہ اس کے سر پر موجود تاج (Crest) ہے۔
جب کاکٹیل خوش یا متجسس ہوتا ہے تو اس کی تاج اوپر ہو جاتی ہے۔ جب وہ ڈرا ہوا ہو یا سو رہا ہو تو تاج نیچے ہو جاتی ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے وہ اپنے سر کے ذریعے بات کر رہا ہو۔
کاکٹیل کے گالوں پر عموماً نارنجی رنگ کے دھبے ہوتے ہیں، لیکن کچھ اقسام میں یہ دھبے نہیں ہوتے۔ یہ پرندے بہت سیٹیاں بجاتے ہیں۔ بڑے طوطوں کی طرح واضح الفاظ نہیں بولتے، لیکن مختلف دھنیں اور سیٹیاں سیکھ سکتے ہیں۔
میں نے کاکٹیل کیوں منتخب کیے؟
دوستانہ مزاج
یہ عام طور پر سخت نہیں کاٹتے۔ اگر آپ انہیں وقت دیں اور ان کا اعتماد حاصل کریں تو یہ آپ کی انگلی اور کندھے پر بھی بیٹھنا شروع کر دیتے ہیں۔
دیکھ بھال آسان
انہیں بہت بڑے پنجرے یا مہنگی خوراک کی ضرورت نہیں ہوتی۔
زیادہ شور نہیں کرتے
یہ فنچ سے زیادہ آواز کرتے ہیں، لیکن میکاو طوطے سے کافی کم۔ میرے پڑوسیوں نے کبھی شور کی شکایت نہیں کی۔
مختلف رنگ
آپ کو کاکٹیل میں گرے، وائٹ، یلو، پرل اور بہت سے دوسرے رنگ اور پیٹرن دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ہر پرندہ دوسرے سے کچھ نہ کچھ مختلف نظر آتا ہے۔
روزانہ انہیں کیا چاہیے؟
شروع میں مجھے ڈر تھا کہ ان کی دیکھ بھال مشکل ہوگی، لیکن حقیقت میں یہ کافی آسان ہے۔
خوراک
سیڈ مکس کے ساتھ تازہ سبزیاں اور پھل، مثلاً پالک، گاجر، سیب اور نرم غذائیں دیں۔
چاکلیٹ اور پیاز ہرگز نہ دیں۔
تازہ اور صاف پانی روزانہ فراہم کریں۔
پنجرہ
پنجرہ اتنا بڑا ہونا چاہیے کہ وہ اس کے اندر اپنے پر آسانی سے کھول سکیں۔ پنجرے میں 2 سے 3 بیٹھنے کی ڈنڈیاں (Perches) اور کچھ کھلونے ضرور رکھیں۔ کاکٹیل جلدی بور ہو جاتے ہیں۔
وقت
یہ سب سے اہم چیز ہے۔ اگر آپ انہیں نظر انداز کریں گے تو وہ اداس اور تنہا ہو سکتے ہیں۔ روزانہ 30 منٹ سے 1 گھنٹہ ان کے ساتھ گزارنا کافی ہے۔ ان سے بات کریں، وہ آپ کی آواز اور انداز کو سمجھنا سیکھ لیتے ہیں۔
نیند
کاکٹیل کو روزانہ تقریباً 10 سے 12 گھنٹے کی نیند چاہیے۔ رات کو پنجرے کو ڈھانپ دینا بہتر ہے تاکہ انہیں سکون سے نیند آ سکے۔
نئے فینسیئرز کی عام غلطیاں
میں نے بھی شروع میں یہ غلطیاں کی تھیں:
ایک پرندہ خرید کر سارا دن اکیلا چھوڑ دینا
کاکٹیل سماجی پرندے ہیں۔ اگر آپ زیادہ مصروف رہتے ہیں تو ایک جوڑا رکھنا بہتر ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کا ساتھ دے سکیں۔
صرف بیج دینا
صرف بیجوں پر انحصار کرنا ایسے ہی ہے جیسے انسان صرف جنک فوڈ کھائے۔ خوراک میں سبزیاں اور دوسری مناسب غذائیں بھی شامل کریں، ورنہ پرندہ بیمار ہو سکتا ہے۔
بڑا پنجرہ لیکن کھلونے نہیں
کاکٹیل کو کھیلنے، چیزیں چبانے اور مصروف رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر انہیں مناسب سرگرمی نہ ملے تو بعض اوقات وہ اپنے پر نوچنا شروع کر سکتے ہیں۔
دھوپ نہ دینا
صبح کی تقریباً 15 منٹ کی ہلکی دھوپ ان کی ہڈیوں اور مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ہو سکتی ہے۔

سب سے خوبصورت لمحہ وہ ہوتا ہے جب آپ تھکے ہوئے گھر واپس آئیں اور آپ کا کاکٹیل پنجرے کے دروازے پر آ کر آپ کے لیے سیٹیاں بجانا شروع کر دے۔
اس کی وہ چھوٹی سی "پیک پیک" جیسی آواز بھی آپ کا دن بہتر بنا دیتی ہے۔
کاکٹیل آپ سے زیادہ کچھ نہیں مانگتے۔ انہیں صرف اچھی خوراک، صاف پانی اور آپ کے تھوڑے سے وقت اور محبت کی ضرورت ہوتی ہے۔ بدلے میں وہ آپ کو اپنی دوستی اور محبت دیتے ہیں۔
اگر آپ کاکٹیل رکھنے کا سوچ رہے ہیں تو ضرور رکھیں۔ شروع میں ایک جوڑا رکھیں، انہیں سمجھیں، سیکھیں، اور اگر شروع میں کچھ غلطیاں ہو جائیں تو پریشان نہ ہوں۔ Waqas Ansari Karachi Pakistan 🇵🇰

Chat on WhatsApp